ممبئی، 10/جولائی (ایس او نیوز/ایجنسی) مہاراشٹرا میں جاری سیاسی کشمکش کے دوران اب اجیت پوار کو ایک کے بعد ایک جھٹکے لگ رہے ہیں۔پتہ چلا ہے کہ ایک اور ایم ایل اے اجیت پوار گروپ کو چھوڑ کر شرد پوار کے گروپ میں واپس آگیا ہے۔ ذرائع سے ملی اطلاع کے مطابق مارکنڈ جادھو پاٹل تیسرے ایم ایل اے ہیں جنہوں نے ایک ہی ہفتے میں اجیت پوار کو چھوڑ کر واپس شردپوار کے پاس جاملے ہیں۔ اس سے پہلے، رام راجے نائک-نمبالکر اور دیپک چوہان نے اجیت پوار کی طرف رخ بدلا تھا پھر شرد پوار کے کیمپ میں واپس پہنچ گئے تھے۔
یاد رہے کہ مارکنڈ جادھو پاٹل مہاراشٹراکے ستارہ ضلع کی وائی اسمبلی سیٹ سے ایم ایل اے ہیں۔ مرکنڈ کے ساتھ ان کے سینکڑوں حامیوں نے بھی اجیت گروپ چھوڑ دیا ہے۔ اہم بات یہ ہے کہ اجیت پوار کے شیو سینا-بی جے پی حکومت میں شامل ہونے کے بعد این سی پی دو دھڑوں میں بٹ گئی ہے۔ شرد پوار اور اجیت پوار پارٹی پر کنٹرول کے لیے لڑ رہے ہیں۔ دونوں گروپوں نے 5 جولائی کو میٹنگ کی اور اپنی طاقت کا مظاہرہ کیا۔ اس میٹنگ کے دوران اجیت دھڑے نے دعویٰ کیا تھا کہ ان کے پاس ایم ایل اے کی زیادہ موجودگی ہے۔